کراچی: اندھی گولیاں لگنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق، فلیٹ سے لاش برآمد

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں اندھی گولیاں لگنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ فلیٹ سے 6 روز پرانی لاش برآمد ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر نائن ای میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی، متوفی کی شناخت 22 سالہ عنبر کے نام سے ہوئی، واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون کو نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی ٹاؤن میں بھی گھر کی چھت پر سویا ہوا نوجوان نامعلوم گولی کا نشانہ بن گیا، 14 سالہ علی رضا کو سوتے ہوئے سر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگی، جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

علی رضا کے والد کا بتانا ہے کہ جاں بحق بیٹا گھر کی چھت پر سو رہا تھا، رات کے کسی پہر نامعلوم سمت سے گولی لگی، میری آنکھ کھلی تو بچہ لمبی لمبی سانسیں لے رہا تھا، اس کی کوئی چیخ تک نہ نکلی، علی رضا 9 ویں جماعت کا طالبعلم تھا اور آج اس کی سالگرہ کا دن تھا، کورنگی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دیں۔

ادھر کورنگی ٹاؤن کے علاقے اللہ والا میں واقع فلیٹ سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی، اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، متوفی کی شناخت آصف کے نام سے ہوئی، پولیس نے لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق لاش 6 روز پرانی ہے، تاحال مرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، مزید تفتیش جاری ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں