کراچی: جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم پکڑا گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی سے جعلی دستاویزات پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم پکڑا گیا۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت شکیل رفیق کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا، ملزم کا تعلق لاہور سے ہے جس کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔

ترجمان ایف آئی اے نے مزید بتایا کہ گرفتارملزم نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی دستاویزات حاصل کیں جبکہ ایجنٹ ملزم کا دوست بھی ہے، ایجنٹ نےمذکورہ شخص سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کئے، ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کئے جبکہ بقایا رقم ویزا لگنے پر ادا کرنا تھی۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے امریکی قونصلیٹ میں خود کو کرکٹ کلب کے ساتھ وابستہ ظاہر کیا اور کرکٹ کلب سے وابستگی کے حوالے سے جعلی دستاویزات پیش کیں، ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتا تھا اور قونصلیٹ کا عملہ دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔

اس حوالے سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جبکہ مقدمے میں نامزد ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں