پاک نیوی نے منشیات کی بڑی کھیپ اینٹی نارکوٹکس فورس کے سپرد کر دی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاک بحریہ نے تحویل میں لی گئی منشیات کی بڑی کھیپ اینٹی نارکوٹکس فورس کے سپرد کردی۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق پاک نیوی اور اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رواں ماہ کے اوائل میں شمالی بحیرہ عرب میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کاؤنٹر نارکوٹکس آپریشن کیا، آپریشن میں پاک بحریہ کے جہاز نے تقریباً 2000 کلو گرام چرس، 370 کلو آئس اور 50 کلو ہیروئن قبضے میں لے لی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کھیپ میں منشیات کے طور پر استعمال ہونے والی ایک لاکھ غیر قانونی بھارتی ساختہ گولیاں بھی شامل ہیں جنہیں سمندر کے راستے بین الاقوامی مارکیٹ تک پہنچایا جانا تھا، بین الاقوامی مارکیٹ میں برآمد شدہ منشیات کی مالیت تقریباً 145 ملین امریکی ڈالر ہے۔

ضبط شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں