مزاحیہ اداکار منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 48 برس بیت گئے

لاہور: (دنیا نیوز) شہنشاہ ظرافت کا خطاب پانے والے معروف اداکار منور ظریف کو مداحوں سے بچھڑے 48 برس بیت گئے ہیں، فلم بنارسی ٹھگ نے منور ظریف کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔

پاکستانی فلم انڈسٹری میں کامیڈی ہیرو کی بنیاد رکھنے والے منور ظریف کے مداح آج ان کی برسی منا رہے ہیں، منور ظریف 2 فروری 1940ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، اداکار کو کامیڈی وراثت میں ملی وہ معروف کامیڈین ظریف کے بھائی تھے۔

منور ظریف نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1961ء میں ریلیز ہونے والی فلم ڈنڈیاں سے کیا، 1973ء میں منور ظریف پہلی بار اردو فلم ’’پردے میں رہنے دو‘‘ میں سائیڈ ہیرو کےطور پر جلوہ گر ہوئے، اسی سال ایک اور فلم ’’رنگیلا اور منور ظریف‘‘ کی کامیابی نے انہیں سپر سٹار بنا دیا۔

’’بنارسی ٹھگ‘‘منور ظریف کے کیرئیر کی لازوال فلم ٹھہری، ان کی قابل ذکر فلموں میں جیرابلیڈ، شریف بدمعاش، نوکر ووہٹی دا، رنگیلا عاشق شامل ہیں، 1971ء، 1973ء اور 1975ء میں انہیں عشق دیوانہ، بہارو پھول برساؤ اور زینت میں بہترین اداکاری پر نگار ایوارڈز ملے۔

نگار ایوارڈز وصولی کے بعد کامیڈی فلموں کا ایک نیا دور شروع ہوا، رنگیلااور منور ظریف کی جوڑی کو فلم کی کامیابی تصور کیا جاتا تھا، شہنشاہ ظرافت نے اپنے کیرئیر میں لگ بھگ 350 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، منور ظریف اپنے پرستاروں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، اداکار صرف 36 سال کی عمر میں 29 اپریل 1976 ءکو لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں