لاہور:ضلعی انتظامیہ کا گھرگھرجا کرشہریوں کی کورونا ویکسینیشن کرنےکا فیصلہ

پاکستان

لاہور: (دنیا نیوز) پیر کے روز سے پولیو کی طرز پر کورونا ویکسین بھی گھر گھر جا کر لگائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے 14 اگست تک 40 فیصد ہدف حاصل کرنے کی ٹھان لی ہے۔ 65 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

تفصیل کے مطابق لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے اب پولیو مہم کی طرز پر کورونا ویکسی نیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر جائیں گی۔

26 جولائی سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ویکسی نیشن ٹیم ایک کوالیفائیڈ ڈاکٹر، ڈیٹا آپریٹر اور ایک ویکسی نیٹر پر مشتمل ہوگی۔

پیر کے روز سے ویکسی نیشن ٹیمیں گھر گھر دستک دے کر کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائیں گی۔ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو سائنو ویک اور سائنو فارم ویکسین لگائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو 14 اگست تک 40 فیصد شہریوں کی ویکسی نیشن کا ٹارگٹ دے دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ لاہور میں 18 سال سے زائد عمر کے 65 لاکھ 70 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کورونا ویکسی نیشن اب پولیو مہم کی طرز پر کی جائے گی۔

ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ 26 جولائی سے کورونا ویکسی نیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ ہر یونین کونسل میں دو ٹیمیں ویکسی نیشن کے لیے گھر گھر جائیں گی۔ 65 ہزار شہریوں کو روزانہ ویکسین لگانے کا ٹاسک پورا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں گھر گھر جا کر ویکسین لگانے کی مہم 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں