9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی جائے : عقیل کریم ڈھیڈی
لاہور : ( دنیا نیوز ) ملک کی معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ 9 مئی کو جو بھیانک واقعات ہوئے اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، اپیل ہے کہ اس غلط کام میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جائے اور کارروائی کی جائے ۔
اپنے ایک بیان میں عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن افواج پاکستان ہماری اپنی ہیں، پاکستانی قوم کو یہ بات یاد رکھنی چاہئے ہم کسی بھی صورت افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈے کو برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا دن پاکستانی قوم کیلئے بہت برا دن تھا ، اللہ ہمیں اس مشکل سے نکالے ، پوری قوم سے اپیل ہے خدارا اپنی صفوں میں اپنے دشمنوں سے ہوشیار رہیں اور کسی کے ایجنڈے پر ایسا کوئی کام نہ کریں کہ ملک کو نقصان ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو ذاتی طور پر جانتا ہوں وہ پاکستانی فوج کو متحد رکھنے اور مضبوط کرنے کے مکمل اہل ہیں ، ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ انکے ہاتھ کو مضبوط کرے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمدردی کسی سے بھی ہو سکتی ہے لیکن سیاست کی وجہ سے اداروں کو کمزور نہ کریں، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈہ نہ کریں اور منفی چیزیں نہ پھیلائیں۔