وزیراعظم کی کاربن کریڈٹس پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز، علی امین گنڈا پور کی مخالفت

اسلام آباد (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت جمعہ کے روز ہونے والے قومی موسمیاتی تبدیلی کونسل کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی موسمیاتی تبدیلی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کاربن کریڈٹس کی مد میں ملنے والی رقم پر 30 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی جس کی وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے مخالفت کی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کاربن کریڈٹس کی مد سے ملنے والی رقم پر صوبے کے لوگوں کا حق ہے، خیبر پختونخوا نے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے سب سے زیادہ اقدامات کئے ہیں، اگر وفاق نے یہی رویہ رکھا تو تعاون جاری نہیں رکھ سکیں گے۔

وزیراعظم نے معاملہ پر صوبوں کے ساتھ پالیسی بنانے کے لئے کمیٹی قائم کردی، وزیر قانون کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، کمیٹی میں کامرس، اکنامک ڈویژن، موسمیاتی تبدیلی کے سیکرٹری شامل ہوں گے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں