ایل این جی ریفرنس: شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزموں کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت اسلام آ باد کے جج ناصر جاوید رانا نے ایل این جی ریفرنس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

ایل این جی ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت دیگر ملزمان کی بریت کا تحریری فیصلہ جاری کیا گیا ہے، فیصلے کے مطابق ایل این جی ریفرنس میں ملزمان پر 16 نومبر 2020 کو فرد جرم عائد کی گئی، ریفرنس میں 118 میں سے گیارہ گواہان کے بیانات قلمبند کئے گئے۔

فیصلے کے مطابق نیب تحقیقات میں ملزمان کے خلاف قومی خزانے کو نقصان اور اختیارات سے تجاوز ثابت نہیں ہو سکا، تحقیقات کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف ریفرنس واپس لینے کی سفارشات چیئرمین نیب کے سامنے رکھی گئیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین نیب کے دستخطوں سے ریفرنس واپس لینے کی درخواست فائل کی گئی، چیئرمین نیب ٹرائل کے کسی بھی مرحلے پر ریفرنس واپس لینے کا اختیار رکھتے ہیں، ریفرنس واپس لینے کی نیب کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل عمران الحق، آغا جان اختر، سعید احمد خان، عامر نسیم، عظمیٰ عادل خان، حسن داؤد، عبدالصمد داؤد، محمد امین، عبداللہ خاقان عباسی اور چودھری محمد اسلم کو ریفرنس سے بری کیا جاتا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں