آذربائیجان سے دیرینہ تعلقات، کوپ 29 کے انعقاد پر پاکستان مکمل حمایت کریگا: اسحاق ڈار

اسلام آباد:(دنیا نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آذربائیجان سے دیرینہ اور مضبوط تعلقات، کوپ 29 کے انعقاد پر پاکستان ، آذرئیجان کی مکمل حمایت کرے گا۔

وزیر خارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ آذربائیجان کو دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتا ہوں، باہمی سرمایہ کاری کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان گفتگو ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ثقافت، تعلیم اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں پر بات چیت ہوئی، کوپ 29کے انعقاد میں پاکستان آذربائیجان کی مکمل حمایت کرے گا،پاکستان آذربائیجان کی خودمختاری کا بھی مکمل حامی ہے۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی تجارتی برادری کو سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان میں آذربائیجان کیلئے چاول کی ایکسپورٹ کے مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ باکو میں میڈیکل کے شعبے میں پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں، ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر بات چیت ہوئی، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا ہے، موسمیاتی تغیر کے اثرات سے نمٹنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں، دونوں ممالک ماحولیاتی تبدیلی اورقابل تجدید توانائی پر تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوئی، غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، غزہ میں بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، رفح میں مہاجر کیمپوں پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

پاکستان کے ساتھ مخلتف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں: وزیر خارجہ آزربائیجان

اس موقع پر وزیر خارجہ آذربائیجان جیہون بیراموف نے کہا کہ پاکستان میں شاندار استقبال پر مشکور ہوں،پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوطرفہ مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں مواقع موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑھانا ہے، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری چاہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں