آسان کاروبار ایکٹ بارے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کاروبار اور سرمایہ کاری کرنے میں آسانی کے حوالے سے اقدامات پر اہم جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے آسان کاروبار ایکٹ کے حوالے سے قانون سازی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کار دوست ماحول کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے، ون ونڈو آپریشنز کے تحت کاروباری اور تاجر برادری کے لئے دستاویزی مراحل آسان کئے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کو ٹیکس سسٹم ڈیجیٹائزڈ کرنے کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے: وزیر اعظم

محمد شہبازشریف نے ہدایت کی کہ چین کے شہر شینزن کے ون سٹاپ شاپ کی طرز پر تجرباتی (پائلٹ) سہولت مرکز کے قیام کے حوالے سے چینی ماہرین سے معاونت حاصل کی جائے۔

اجلاس میں آسان کاروبار اور دیگر اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کاروبار کی رجسٹریشن، لائسنسز، سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات کے لئے الیکٹرانک رجسٹری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آن لائن ون ونڈو پاکستان بزنس پورٹل کا نظام متعارف کروایا جائے گا جس  کے ذریعے تمام متعلقہ اداروں کی خدمات ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں