پاکستان میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی جا رہی ہے

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، مختلف شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فرزندان اسلام آج عید الاضحیٰ نہایت مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منا رہے ہیں، مسلمانان پاکستان نے دن کا آغاز نماز فجر سے کیا، اس کے بعد اسلام  آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔

لاہور میں مرکزی اجتماعات گریٹر اقبال پارک، جناح باغ، داتا دربار، ماڈل ٹاؤن، جی او آر ون اور شہر کے دیگر مقامات پر منعقد ہوئے، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود نے ماڈل ٹاؤن میں عید کی نماز ادا کی، نماز عید کے بعد امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا ترک صدر سے ٹیلیفونک رابطہ، عید کی مبارکباد دی، نیک خواہشات کا تبادلہ

عید کی نماز ادا کرنے کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی میں قربانی کا فریضہ پورا کیا گیا، صاحب استطاعت پاکستانی شہریوں نے اپنی اپنی حیثیت کے مطابق جانور خریدے، ہر سال کی طرح رواں سال بھی مہنگائی کی وجہ سے جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا، شہریوں نے اپنی جیب دیکھتے ہوئے قربانی کیلئے جانور پسند کیے اور ان کو اللہ کی راہ میں قربان کیا۔

مسلح افواج کی جانب سے قوم کو عید کی مبارکباد

مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عید الاضحیٰ پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس موقع عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی روح کو اجاگر کرتا ہے، اس مبارک دن پر ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ملک میں آزادی اور امن قائم ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں جاری رکھے اور اسے دشمنوں کی ناپاک سازشوں سے محفوظ رکھے۔

دنیا بھر میں عید

دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ گزشتہ روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات ہوئے، حرمین شریفین میں پاکستانیوں سمیت لاکھوں فرزندان اسلام کی شرکت کی۔

شیخ عبدالرحمان السدیس نے مسجد الحرام میں نماز عید کی امامت کی اور خطبہ دیا، امام کعبہ نے فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی آزادی کیلئے دعائیں بھی کیں، افغانستان میں بھی سعودی عرب کے ساتھ عید منائی گئی، پشاور میں افغان باشندوں نے نماز عید ادا کی اور قربانی کا فریضہ ادا کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں