ملکر کام کرکے ہم زمین کے انحطاط کا مقابلہ کر سکتے ہیں: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مل کر کام کرکے ہم زمین کے انحطاط کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور ایک پائیدار اور لچکدار پاکستان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے صحراؤں اور خشک سالی کے خاتمہ کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم ’’زمین کے لئے متحد‘‘ کے موضوع کے تحت زمین کی دیکھ بھال کی اہمیت ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل ہے، اس بات پر زور دینے کے لئے اکٹھے ہیں، یہ دن ہمیں موجودہ اور آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زمین کی حفاظت اور بحالی کی ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ریگستان، زمین کا انحطاط اور خشک سالی اہم چیلنجز ہیں جو لاکھوں زندگیوں کو متاثر کرتے ہیں، ہماری حکومت پائیدار زمین کے انتظام کے طریقہ، جنگلات کی بحالی کے پروگراموں اور جدید زرعی تکنیکوں کے ذریعے ان مسائل کو حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صرف حکومتی اقدامات کافی نہیں، ہمیں تمام سٹیک ہولڈرز یعنی کمیونٹیز، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور بین الاقوامی شراکت داروں کو شامل کرتے ہوئے ایک مشترکہ نقطہ نظر کو فروغ دینا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صحرائیت اور خشک سالی سے بچاؤ کے دن کے موقع پر ہم اپنی زمین کے تحفظ کے لئے متحد ہونے کا عہد کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ ہمارے ورثہ اور مستقبل کے لئے ایک اہم وسیلہ رہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں