ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو ہرا دیا

گراس آئیلٹ: (دنیا نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8 مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی۔

ڈیرن سیمی کرکٹ سٹیڈیم میں ہونیوالے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔

164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی، ہیری بروک نے 53 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ 11، کپتان جوز بٹلر 17، جونی بیئرسٹو16 ، معین علی 9 جبکہ لیام لیونگسٹن 33 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو ربادا اور کیشو ماہراج نے 2،2 جبکہ اوٹنیل بارٹمین اور اینرک نوکیے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں جنوبی افریقا کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک 38 گیندوں پر 65 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ریزا ہینڈرکس 19، کلاسن 9، ایڈن مارکرم 1 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ملر نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی اور عادل رشید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں