لاہور میں موسمی خرابی سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش اور تیز ہواؤں کے سبب فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو گیا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور موسمی خرابی کی وجہ سے لاہور کا فلائٹ آپریشن گزشتہ رات کئی گھنٹے تک متاثر رہا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق خاص طور پر صبح 3 سے 4 بجے کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کے دوران لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن فعال نہ رکھا جاسکا اور صبح 4 بجے فلائٹس لینڈ کرسکیں۔

اس دوران تین پروازوں کو ملتان اور پشاور اتارا گیا جب کہ دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد و رفت میں غیر معمولی تاخیر ہو رہی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابوظہبی اور بحرین سے لاہور پہنچی پروازوں کو ملتان ایئرپورٹ منتقل کیا گیا، ریاض سے پہنچی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کو پشاور اتارا گیا، یہ پروزیں موسم ٹھیک ہونے پر لاہور پہنچیں۔

قطر ایئرویز کی دوحہ کی پرواز 7 گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ درجن سے زائد دیگر غیر ملکی پروازوں کی آمد اور روانگی میں بھی تاخیر ہورہی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں