ریمبو کا 32 سالہ شوبز کیریئر میں حکومتی ایوارڈ نہ ملنے کا شکوہ
لاہور: (ویب ڈیسک) ماضی کے معروف پاکستانی فلمسٹار افضل خان المعروف ریمبو نے اپنے 32 سالہ شوبز کیریئر کے دوران حکومتی ایوارڈ نہ ملنے کا شکوہ کیا ہے۔
حال ہی میں ریمبو نے اپنی اہلیہ صاحبہ کے ہمراہ نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی نجی زندگی سمیت شوبز کیریئر پر بھی گفتگو کی۔
ریمبو نے پاکستانی فنکاروں کو ملنے والے ایوارڈز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایک ہی ایوارڈ شو ہوتا تھا، اُسی شو میں تمام اداکاروں، فلموں اور ڈراموں کو ایوارڈز ملتے تھے لیکن اب ہر ٹی وی چینل اپنے اپنے ایوارڈ شوز کرتے ہیں جو کہ غلط ہے۔
اداکار نے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی شوبز انڈسٹری کیلئے ایک ہی ایوارڈ شو منعقد کیا جائے، پھر وہاں تمام ٹی وی چینلز کی فلموں، ڈراموں کو اکٹھا کیا جائے اور ہر کیٹیگریز میں ایوارڈز دیئے جائیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں مجھے نگار سمیت دوسرے فلمی ایوارڈز سے نوازا جا چکا ہے لیکن اس بات کا شکوہ ہے کہ مجھے شوبز میں کام کرتے ہوئے 32 سال ہو چکے ہیں اور اس دوران میں نے 200 فلمیں کی ہیں لیکن اس کے باوجود تاحال مجھے پرائیڈ آف پرفارمنس جیسا ایوارڈ نہیں ملا۔
ریمبو نے کہا کہ آج کے دور میں ایوارڈز بھی سلام دُعا سے ملتے ہیں اور مجھے ایسا کوئی بھی ایوارڈ نہیں چاہیے جو کسی کی سفارش یا سلام دُعا سے ملے، میرٹ پر ملنے والا ایوارڈ لے کر ہی فخر محسوس ہوتا ہے، سفارشی ایوارڈ حاصل کرنے سے دلی خوشی نہیں ملتی۔
اُنہوں نے ایوارڈز دینے والوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کی کہ اب میرا یہ انٹرویو دیکھ کر مجھے ایوارڈ نہیں دے دینا، مجھے ایسا کوئی ایوارڈ نہیں چاہیے۔