ٹرمپ کے کیس کی سماعت کرنے والے جج کو دھمکیاں دینے والے ملزم پر فرد جرم عائد
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کیس کی سماعت کرنے والے جج کو دھمکیاں دینے والے ملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی۔
میڈیا کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق الینوئیس سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ ایرک جیمز رینیرٹ پر 5 الزامات کی بنیاد پر فرد جرم عائد کی گئی جس میں جج کو بین الریاستی دھمکیاں، تشدد، اغوا اور قتل کی دھمکیاں دینے کے الزامات شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ پراسیکیوٹر نے الزام عائد کیا کہ ملزم نے دھمکی دی ہے کہ جج کے اہلخانہ کے اراکین کو زخمی اور اغوا کیا جائے گا، میامی میں امریکی اٹارنی آفس کی نمائندوں نے کیس کی نمائندگی کی اور فرد جرم کے لئے ہونے والی سماعت میں موجود تھے جبکہ فلوریڈا کے جنوبی ضلع میں قائم وفاقی عدالت نے اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عدالتی دستاویزات میں وفاقی جج کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن کیس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا کی سینٹ لوئس کاؤنٹی میں پیش آیا تھا۔