قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے عوام کو آگاہی دینا ہوگی: وزیرِ اعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے اور نقصان کو کم سے کم کرنے کیلئے عوام کو آگاہی فراہم کرنا ہوگی۔

 مظفرآباد میں شہدائے زلزلہ 2005 کی برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق کا کہنا تھا کہ ہمیں امید نو کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، 8 اکتوبر2005کے سانحہ میں عالمی برادری نے زلزلہ میں انسانی ہمدردی کی نئی مثال قائم کی۔

 انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اس سانحہ میں ہماری مدد کی ان کی خدمات کو یاد رکھا جائیگا، زلزلے کے بعد حکومت پاکستان اور پاکستانی قوم اس سانحہ سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک ایسی زنجیر بن گئی جس کی وجہ سے ہمارے حوصلے بڑھے۔

چودھری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آج اجڑی بستیاں آبادیوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، کھنڈرات کا منظر پیش کرنے والی سڑکوں کی جگہ شاہرات نے لے لی ہے، عوام کو زندگی کی تمام بنیادی سہولتیں پہنچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان سب تعمیراتی سرگرمیوں میں تعمیر نو پر مامور قومی اداروں نے ایک مثالی کردار ادا کیا ہے، آزاد کشمیر کے ہر شہر اور گاؤں میں جدید سہولیات فراہم کرینگے۔

دوسری جانب زلزلہ 2005 کے شہداء کی 19ویں برسی کے موقع پر میرپور سٹیڈیم میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، کرکٹ سٹیڈیم سے چوک شہیداں تک واک کا اہتمام کیا گیا ، واک میں ڈپٹی کمشنر یاسر ریاض اور ایس ایس پی خاور علی شریک ہوئے۔

شرکاء نے زلزلہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، تقریب میں زلزلہ کے دوران یتیم ہونے والے طلبہ کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں