ترجمان افغان حکومت کا پاکستان کی سیاسی صورتحال پر غیر ضروری تشویش کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عبوری افغان حکومت کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غیر ضروری تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب ایکس پر اپنے ایک پیغام میں افغان حکومت کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور سیاسی مخالفین کے درمیان تناؤ خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے،اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے پورے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستانی حکام نے ردعمل میں کہا ہے کہ افغان حکومت کا بیان غیر سنجیدہ اور سیاق و سباق سے ہٹ کر ہے،یہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہے،افغان حکومت کیلئے دانشمندی ہوگی کہ وہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں داخل اندازی کے بجائے اپنی طرز حکمرانی اور استحکام کو ترجیح دیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی نہ ہونا، معاشی زوال اور دہشت گردوں کی موجود پناہ گاہیں پاکستان کی ملکی سیاسی صورتحال سے کہیں زیادہ خطرات ہیں،افغان حکومت کو افغانستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، انتہا پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں اور اندرونی جبر سے نمٹنے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔

حکام نے مزید کہا کہ افغان عبوری حکومت کی توجہ اپنی ناکامیوں کو دور کرنے پر ہونی چاہیے کیونکہ اس سے ان کے عوام اور خطے دونوں کو زیادہ فائدہ پہنچے گا۔

پاکستان حکام نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں اسلام آباد میں پولیس پر حملہ کرنے اور امن عامہ کو خراب کرنے کے الزام میں120 افغانیوں کو گرفتار کیا گیا، ترجمان بننے سے پہلے، شاید انہیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کے اپنے شہری پڑوسی ممالک کو غیر مستحکم تو نہیں کر رہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں