موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی ناگزیر ہے: شزہ فاطمہ

اسلام آباد: (اے پی پی):وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں خواتین کی ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ تک رسائی بہت ضروری ہے۔

وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے قطر میں منعقدہ کانفرنس بعنوان ’ڈیجیٹلائزیشن اینڈ وومن ان پولیٹیکس‘ سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ڈیوائسز اور انٹرنیٹ کی فراہمی سے خواتین کو بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل صنفی تقسیم کے خاتمہ کے لئے پر عزم ہے، خواتین کے موبائل فون، آئی سی ٹی کے استعمال میں حائل رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، خواتین کے سیاست میں آنے کے لئے سماجی، معاشی رکاوٹیں ہیں۔

شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنا کر قومی سیاسی دھارے میں لایا جا سکتا ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ خواتین کی ڈیجیٹل اکانومی تک رسائی کے لئے جینڈر ڈیجیٹل ڈیوائیڈ پالیسی پر کام کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت کا مزید کہنا تھاکہ وزیراعظم فری لیپ ٹاپ سکیم ڈیجیٹل ٹولز کی رسائی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، سمارٹ فون فار آل پالیسی پر کام جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں