9 مئی مقدمات: عمر ایوب کی عدم پیشی پر سماعت 29 نومبر تک ملتوی
سرگودھا: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی عدم پیشی کے باعث ان کیخلاف میانوالی میں درج 9 مئی کے کیس پر سماعت ملتوی کردی گئی۔
سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں 9 مئی کے مقدمہ پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کے وکلاء کی جانب سے ان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی، وکلاء صفائی نے عمر ایوب کی جانب سے میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی عدالت میں جمع کرایا جس میں بتایا گیا کہ عمر ایوب گلے کے انفیکشن اور بخار میں مبتلا ہیں اس لیے عدالت پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالتی ذرائع کے مطابق عمر ایوب کی عدم حاضری پر عدالت نے کیس کی سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی، اسی تاریخ کو ان کی بریت کی درخواست پر بھی حتمی فیصلہ سنایا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ عمر ایوب اور دیگر ملزمان پر 9 اور 10 مئی کو ہونے والے توڑ پھوڑ کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام ہے، کیس کی اگلی سماعت پر عدالت نے تمام فریقین کو طلب کر لیا ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کی حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔