روس نے جاسوسی کے الزام میں برطانوی سفارتکار کو ملک بدر کردیا
ماسکو: (دنیا نیوز) روس نے جاسوسی کے الزام میں برطانوی سفارتکار کو ملک سے نکال دیا ۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی سیکیورٹی سروس ایف ایس بی نے اپنے بیان میں کہا کہ مبینہ برطانوی سفارت کار نے ملک میں داخل ہونے کیلئے جان بوجھ کر غلط معلومات فراہم کی تھیں۔
’کاؤنٹر انٹیلی جنس کی کارروائی کے دوران، روسی فیڈرل سیکورٹی سروس نے ماسکو میں برطانوی سفارت خانے کے احاطہ میں ایک غیر اعلانیہ برطانوی انٹیلی جنس اہلکار کی موجودگی کا پتہ لگایا ہے‘۔
بیان میں مزید کہا گیا ’روسی ایف ایس بی نے مذکورہ سفارت کار کے انٹیلی جنس اور تخریبی کام کے آثار دریافت کیے ہیں جو روسی فیڈریشن کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
روسی سیکیورٹی ادارے نے سفارت کار کا نام ایڈورڈ ولکس بتایا اور کہا کہ وہ سیکنڈ سیکرٹری تھا، جو نسبتاً جونیئر سفارتی عہدے پر فائز تھا۔