موجودہ نظام کو بیل آؤٹ چاہیے جو عمران کے ہاتھ میں ہے: علی محمد خان

لاہور:(دنیا نیوز)رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ نظام کو بیل آؤٹ چاہیے جو عمران خان کے ہاتھ میں ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’ دنیا مہربخاری کےساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کو مشکلات کا سامنا ہے، اسمبلی فلور پر اس حوالے سے معاملہ اٹھائیں گے، بانی نے مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، بال حکومت کی کورٹ میں ہے، حکومت نےاگر معاملے کا حل نکالنا ہے تو پہل کرے۔

انہوں نے کہا کہ تصادم سے نہیں گفتگو سے مسائل کا حل نکلےگا، اس نظام کوبیل آؤٹ چاہیےاوربیل آؤٹ عمران خان کے ہاتھ میں ہے، نومئی کا ہم پرالزام ہے، ہم توحکومت سے کہہ رہےہیں نومئی کی جوڈیشل انکوائری کرالیں۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف حکومت سےمذاکرات کی التجا نہیں کرے گی، ایک طرف رانا ثنا اللہ مذاکرات، دوسری طرف عطا تارڑتنقید کرتے ہیں، جب ٹیبل پربیٹھیں گے تو بہت سی چیزیں حل ہوں گی۔

رہنما تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی  بننے کے باوجود حکومت نے مذاکرات کے لیے ابھی تک کمیٹی نہیں بنائی، سینیٹرعرفان صدیقی سے ایسی ہارڈ لائن کی توقع نہیں تھی، ایسے پھر کنفوژن پھیلتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں