عمرے کی آڑ میں گداگری کیلئے سعودی عرب جانے والے 4 مسافر گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) ایف آئی اے امیگریشن نے عمرے کی آڑ میں گداگری کے لیے سعودی عرب جانے والے 4 مسافروں کوکراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار ملزمان میں ثناء اللہ، فیض محمد، گل حسن اور لعل محمد شامل ہیں، ملزمان عمرہ ویزے پر گداگری کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے، ملزمان کا تعلق جعفر آباد، نصیر آباد، قمبر شہداد کوٹ اور رحیم یار خان کے مختلف علاقوں سے ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزمان کو مشکوک پایا گیا، ابتدائی تفتیش میں گرفتار ملزمان عمرہ ادا کرنے کی بنیادی طریقہ کار سے مکمل طور پر ناواقف نکلے، ملزمان رہائش اور ہوٹل بکنگ کے حوالے سے بھی کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔

ملزمان کے پاس سفری اخراجات کے لئے بھی رقم نہیں تھی، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں