عدالت نے 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں میں ترمیم کی مہلت دے دی

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے 27ویں آئینی ترمیم کیخلاف درخواستوں میں ترمیم کی مہلت دے دی۔

لاہور ہائیکورٹ میں 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر چھ مختلف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس صداقت علی خان کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

دورانِ سماعت بنچ سربراہ نے وکیل اظہر صدیق کو ہدایت کی کہ آئین کا آرٹیکل 174 نکال کر پڑھیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئین کے آرٹیکل 174 کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کو بطور فریق بنانا ضروری ہے ورنہ درخواست نا مکمل تصور ہوگی۔

وکیل اظہر صدیق نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہاتھ سے لکھ کر فریق بنا دیتے ہیں جس پر عدالت نے واضح کیا کہ آئین کو چیلنج کرنے کے معاملے میں عدالت بھی آئین کے مطابق ہی چلے گی اور ہاتھ سے لکھ کر تبدیلی کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

عدالت نے درخواستوں میں باقاعدہ ترمیم کی مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

اس سے قبل درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم ریاست کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں