خیبرپختونخوا حکومت کا 9 مئی کے مزید 57 مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخواحکومت نے 9 مئی کے مزید مقدمات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ قانون خیبرپختونخوا نے 57 کیسز ختم کرنے کی سفارشات صوبائی کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد پی ٹی آئی اراکین اسمبلی مقدمات میں نامزد ہیں، سزا کی صورت میں نااہلی کا خدشہ موجود ہے، صوبے میں 9 مئی کے درجنوں کیسز نمٹا دیئے گئے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل آفس کی جانب سے مقدمات واپس لینے کی باضابطہ سفارش تیار کر لی گئی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشات پر حتمی فیصلہ صوبائی کابینہ اجلاس میں ہوگا، کابینہ منظوری کے بعد عدالتوں میں مقدمات واپس لینے کی کارروائی شروع کی جائے گی، ریاست مقدمات سے دستبرداری کی منظوری کے بعد دعویداری ختم کر دے گی۔
حکومتی معاون خصوصی شفیع اللہ جان کے مطابق علی امین گنڈاپور کی حکومت میں بھی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لے کر ریاست مقدمات سے دستبردار ہو چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تمام کیسز سیاسی اور انتقامی بنیادوں پر بنائے گئے تھے، جتنے بھی کیسز ہیں انصاف کے تقاضوں پر پورے نہیں اترتے، ایسے بے بنیاد اور من گھڑت کیسز کو ختم کیا جانا چاہیے۔