لاہور ہائیکورٹ میں سپیشل میسنجرز کے تقرر و نگرانی کیلئے نئے جامع ایس او پیز جاری
لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے شفافیت، کارکردگی اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے سپیشل میسنجرز کی تقرری، ذمہ داریوں اور نگرانی کے لیے نئے جامع معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (SOPs) جاری کردیئے، یہ ہدایات چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی خصوصی ہدایات پر جاری کی گئیں۔
نئے ایس او پیز کے مطابق سپیشل میسنجرز عدالتی نوٹسز کی بروقت تعمیل، زمین و جائیداد کی تصدیق اور حساس کیسز سے متعلقہ معلومات کی درست فراہمی کے ذمہ دار ہوں گے، قواعد فوری طور پر لاہور ہائیکورٹ کے لاہور پرنسپل سیٹ کے ساتھ ساتھ ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی بنچز پر بھی نافذ العمل ہیں۔
ڈیلنگ اسسٹنٹ سپیشل میسنجر کی ضرورت کا تعین کرے گا اور اگر سروس شہر سے باہر (50 کلومیٹر سے زیادہ) درکار ہو تو ایک سے زائد خصوصی قاصدین بھی تعینات کیے جا سکیں گے، سپیشل میسنجر کی تقرری کے لیے ڈیلنگ اسسٹنٹ کی تجویز اسسٹنٹ رجسٹرار اور سپروائزری آفیسر سے ہوتی ہوئی ڈپٹی رجسٹرار تک جائے گی جو حتمی منظوری دیں گے۔
ایس او پیز کے تحت سپیشل میسنجرز پر سخت ذمہ داری عائد کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل نوٹس کی تعمیل اور جامع رپورٹ جمع کرانے کے پابند ہوں گے، رپورٹ میں تاخیر کی صورت میں تحریری درخواست دینا لازمی ہوگی ورنہ عدالت کو ان کے طرزِ عمل سے آگاہ کیا جائے گا۔
معاوضے کے نظام کو بھی واضح کرتے ہوئے سفری قواعد، ٹرانسپورٹ الاؤنس، ڈیلی الاؤنس اور سروس کے مقام کے مطابق ادائیگی کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے تاکہ لاہور، ملتان، بہاولپور اور راولپنڈی میں اندرونی و بیرونی خدمات کی ادائیگی شفاف طریقے سے ممکن ہو سکے۔
مزید برآں سپیشل میسنجرز کے مکمل نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے ڈیجیٹائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لیے ایک علیحدہ سافٹ ویئر ماڈیول تیار کیا جائے گا جو فیس کی وصولی اور ادائیگی کے تمام مراحل کو خودکار بنائے گا یوں مالی و انتظامی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔
زمین و جائیداد کی تصدیق کے لیے ڈپٹی رجسٹرار خصوصی تربیت یافتہ افسران کو بطور سپیشل میسنجر نامزد کر سکیں گے تاکہ حساس معاملات میں درستگی اور پیشہ ورانہ معیار برقرار رہ سکے۔
نئے قواعد لاہور ہائیکورٹ کی عدالتی کارکردگی میں بہتری، شفافیت اور احتساب کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیے جا رہے ہیں۔