اے آئی پر ریاستی قوانین کا خاتمہ، ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) پر ریاستی قوانین کے خاتمے کیلئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کی شام ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس کا مقصد امریکی ریاستوں کی جانب سے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ضابطہ سازی کی صلاحیت کو محدود کرنا اور موجودہ ریاستی قوانین کے نفاذ کو روکنا ہے۔

اس حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ اے آئی کے میدان میں امریکا یا چین میں سے کوئی ایک ہی فاتح ہوگا، 50 مختلف ریاستوں سے منظوری لینے کی کوشش کو بھول جائیں، اے آئی کیلئے مرکزی اتھارٹی سے منظوری کا نظام چاہتے ہیں، اے آئی سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے جا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وینزویلا سے ہزاروں کی تعداد میں قاتل امریکا آئے، سمندر کے راستے منشیات کی سمگلنگ 92 فیصد کم ہوگئی، وینزویلا میں جلد زمینی کارروائی بھی کرنے جا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں یوکرین کو 350 بلین ڈالر دیے، بدلے میں کچھ حاصل نہ ہوا، یوکرین میں فوجیوں سمیت گزشتہ ماہ 25 ہزار افراد مارے گئے، ہم تیسری عالمی جنگ نہیں چاہتے۔

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے متحرک کردار ادا کیا، غزہ میں قیام امن کیلئے کام کر رہے ہیں، ایران ایٹمی صلاحیت سے 2 ماہ پیچھے تھا، ہم نے اسے تباہ کر دیا، ایران اب امریکا کے ساتھ ڈیل کرنا چاہتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں