خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کیلئے دائر درخواست پر تحریری حکم جاری

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائی کورٹ نے خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے دائر درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکم جاری کرد یا، عدالت نے سرکاری وکیل کو متعدد نکات پر ہدایات لیکر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے محمد شہباز کی درخواست پر 3 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کر دیا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل نے بتایا کہ خصوصی افراد کے تحفظ کیلئے بنائے گئے قانون پرعملدرآمد کرانے کیلئے تمام محکموں کو ہدایت جاری کر دی ہیں، عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سے متعدد نکات پر جواب طلب کر لیا ہے۔

تحریری حکم میں رپورٹ مانگی گئی ہے کہ کیا محکمہ سوشل ویلفیئر نے خصوصی افراد کے سرٹیفکیٹس کیلئے ڈیجیٹل سسٹم بنایا؟ کیا خصوصی افراد کیلئے سافٹ ویئر یا ایسی موبائل ایپ بنائی جس سے ہنگامی مدد میسر آ سکے؟ کیا محکمہ سوشل ویلفیئر نے صوبے کی سطح پر خصوصی افراد کا ڈیٹا مرتب کیا ہے یا نہیں؟۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ رپورٹ مانگی گئی ہے کہ خصوصی افراد کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے پر کیا ایکشن لئے گئے؟ کیا خصوصی افراد کے طبی علاج اور اپوائنٹمنٹ سسٹم کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے؟ کیا خصوصی افراد کو حکومت پنجاب کی کلینک آن ویل سہولت میسر ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام نکات پر سرکاری وکیل کو ہدایات لینے کا حکم دے دیا اور کیس کی مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں