دبئی ایک بار پھر عالمی کھیلوں کا مرکز، رگبی سیونز سیریز کا آغاز
دبئی: (سید مدثر خوشنود سے) دبئی میں عالمی سپورٹس سرگرمیوں کے سلسلے میں ایک اور بڑا ایونٹ شروع ہو گیا ہے، جہاں انٹرنیشنل رگبی سیونز سیریز کے میچز آج 17 جنوری سے کھیلے جا رہے ہیں۔
اس ٹورنامنٹ میں مختلف ممالک کی قومی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جس سے دبئی ایک بار پھر بین الاقوامی کھیلوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، یہ ٹورنامنٹ ایک نئے اسپورٹس پاتھ وے ماڈل کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر رگبی کھیل کو فروغ دینا اور مستقبل کے بڑے مقابلوں خصوصاً لاس اینجلس اولمپکس 2028 کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق دبئی میں ہونے والی یہ سیریز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عالمی اسٹیج پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک اہم موقع ہے، جبکہ شائقینِ کھیل کو بھی اعلیٰ معیار کے بین الاقوامی مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں، دبئی سیونز سٹیڈیم میں منعقد ہونے والے میچز میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد شریک ہے، جس سے ایونٹ کی عالمی حیثیت مزید نمایاں ہو گئی ہے۔
کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دبئی میں اس نوعیت کے بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹس نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا باعث بنتے ہیں بلکہ اسپورٹس ٹورازم اور ملٹی نیشنل کمیونٹیز کے درمیان روابط کو بھی مضبوط کرتے ہیں، دبئی میں مقیم بڑی تعداد میں ایشیائی اور پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی کے باعث ایسے عالمی ایونٹس کو مقامی اور علاقائی سطح پر بھی بھرپور دلچسپی حاصل ہوتی ہے۔