ایم اے جناح روڈ پر خوفناک آتشزدگی: تاجر گل پلازہ کے باہر اذانیں دینے لگے
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف گل پلازہ میں رات گئے بھڑکنے والی خوفناک آگ پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے باعث شہر کی فضا سوگوار ہوگئی ہے۔
آگ کے نتیجے میں تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا جبکہ 5 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تاحال آگ کے صرف 40 فیصد حصے پر قابو پایا جا سکا ہے، جبکہ آگ کی شدت برقرار ہے، شاپنگ پلازہ میں 1000 سے زائد دکانیں ہیں، عمارت میں پڑنے والی گہری دراڑوں کے باعث صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے اور فائربریگیڈ حکام نے متاثرہ عمارت کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔
آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے خوف کے پیش نظر تاجروں نے گل پلازہ کے باہر کھڑے ہو کر با آوازِ بلند اذانیں دینا شروع کر دیں، اذانوں کی گونج نے پورے علاقے کو غم اور کرب میں مبتلا کر دیا، ہر آنکھ اشکبار اور ہر دل لرزتا ہوا نظر آیا۔
اس افسوسناک سانحے پر گورنر سندھ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، مصطفیٰ کمال، وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔