گوگل کا صارفین کو کروم براؤزر فوری اپ ڈیٹ کرنے کا مشورہ
کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) گوگل نے کروم ویب براؤزر کے لیے انتہائی اہم سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔
گوگل نے صارفین کو زور دیا ہے کہ وہ کروم ویب براؤزر کو فوراً اپ ڈیٹ کرلیں تاکہ حال ہی میں سامنے آنے والی سکیورٹی کمزوریوں سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔
اس اپ ڈیٹ میں ویب براؤزر میں موجود ایسی متعدد سکیورٹی خامیوں کو فکس کیا گیا ہے جن کو ہیکرز استعمال کرتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حالیہ کروم بلڈز (builds) میں متعدد کمزوریوں کو دریافت کیا گیا تھا جن کو فکس کرنے کے لیے یہ نئی اپ ڈیٹ جاری کی گئی ہے، کمپنی کی جانب سے ان سکیورٹی مسائل کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
مگر گوگل نے تصدیق کی کہ ان میں سے کچھ سکیورٹی خامیاں بہت سنگین ہیں اور اگر ان پر قابو نہ پایا جائے تو صارف کی سکیورٹی متاثر ہوسکتی ہے، گوگل کروم دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کیا جانے والا ویب براؤزر ہے اور اسی وجہ سے اس میں سکیورٹی خامیاں بہت زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہیں۔