شاہی قلعہ لاہور میں کا لوہ مندر اور اتھ دارہ پویلین کا افتتاح
لاہور:(دنیا نیوز) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا کا لوہ مندر اور اتھ دارہ پویلین کا افتتاح کردیا۔
شاہی قلعہ لاہور میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے زیراہتمام تاریخی ورثے کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں سکھ عہد کے حمام اور اتھ دارہ پویلین میں ربن کاٹے گئے۔
منصوبے میں امریکی سفیروں کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کا اہم تعاون رہا جب کہ پنجاب حکومت نے اقلیتی اور بین المذاہب ورثے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لاہور ہمیشہ مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا مشترکہ تمدنی مرکز رہا ہے،لوہ مندر اور سکھ عہد کا ورثہ پنجاب کی کثیرالثقافتی شناخت کی علامت ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اقلیتی ورثے کا تحفظ ہماری تاریخ کے تسلسل کو محفوظ بناتا ہے، پنجاب حکومت بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، لوہ مندر، اتھ دارہ پویلین اور سکھ حمام بقائے باہمی کی روشن مثالیں ہیں، امریکی سفیروں کے فنڈ برائے ثقافتی تحفظ کا تعاون قابلِ تحسین ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ آغا خان کلچرل سروس اور WCLA نے ورثے کو حساس انداز میں محفوظ کیا، مذہبی سیاحت کے فروغ سے بین الاقوامی رابطے مضبوط ہوں گے، اقلیتی مقدس مقامات کا تحفظ حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ یہ منصوبے ورثے کو زندہ علامتوں میں تبدیل کر رہے ہیں، سکھ، ہندو اور مسیحی برادری کے لیے تاریخی مقامات کھولنا اہم پیش رفت ہے، مذہبی سیاحت سے مقامی معیشت کو بھی فائدہ پہنچے گا،پنجاب کا ورثہ صرف ماضی نہیں، مستقبل کے لیے پیغام ہے۔
رمیش سنگھ اروڑہ کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی مقامات اتحاد، احترام اور رواداری کے پل ہیں،پنجاب حکومت ایسے منصوبے مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔