سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس سے ملاقات، تحفظات سے آگاہ کیا

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رہنما پی ٹی آئی کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات 30 منٹ سے زائد جاری رہی جس میں سلمان اکرم راجہ نے پارٹی کے تحفظات کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات کے بعد سلمان اکرم راجہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صبح سے یہاں سپریم کورٹ کے باہر موجود ہیں، بانی پی ٹی آئی کی صحت سے زیادہ ہمارے لیے کچھ اہم نہیں ہے، آج بھی چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل سے ملاقاتیں اور رابطوں میں رہے، پورے دن کی تگ و دو کے بعد جو حاصل ہوا وہ بالکل تسلی بخش نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آج کی تگ و دو کے بعد ہمیں اس حد تک کامیابی ملی ہے کہ ہمیں رپورٹ مل جائے گی، ہم نے آج سپریم کورٹ کے باہر اخلاقی مقدمہ لڑا، بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کو میڈیکل رپورٹس دے دی جائیں گی، رپورٹ ملنے کےبعد بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دینےکی یقین دہانی کرائی گئی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی وکلاء، خاندان اور رفقاء کےساتھ ملاقات کے لیے جدو جہد جاری رہے گی، اگلے لائحہ عمل کے لیے آج ہی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہو گا، آج ہی تحریک تحفظ آئین پاکستان سے ملاقات کریں گے، پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی علامہ راجہ ناصرعباس،محموداچکزئی سےمشاورت سےلائحہ عمل طے کرے گی۔

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے لائحہ عمل دینے کا حتمی اختیار محمود اچکزئی، راجا ناصر عباس کو دیا ہے، آج کی میڈیکل رپورٹ سے ہمیں بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی صورتحال کا پتہ چل جائے گا، یہ میڈیکل رپورٹ حاصل کرنا ہمارا مطمع نظر نہیں تھا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجہ سپریم کورٹ پہنچے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں