مارگوٹ روبی کے گلے میں ملکہ ہند نورجہاں کا ہار
سڈنی: (ویب ڈیسک) ہالی وڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی نئی فلم وتھرنگ ہائٹس کے لاس اینجلس پریمیئر پر ایک ایسا ہار پہنا جس نے فیشن کے ساتھ ساتھ تاریخ اور نوآبادیاتی ورثے سے متعلق بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ووگ میگزین کے مطابق یہ ہار کوئی عام زیور نہیں بلکہ مغل ملکہ نور جہاں سے منسوب صدیوں پرانا تاج محل ہیرے کا ہار ہے، جو ماضی میں اداکارہ الزبتھ ٹیلر کی ملکیت بھی رہ چکا ہے۔
مارگوٹ روبی کی فلم وتھرنگ ہائٹس 13 فروری کو ریلیز ہو رہی ہے، جس میں وہ جیکب ایلورڈی کے ساتھ مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، یہ فلم ایملی برونٹے کے مشہور گوتھک ناول پر مبنی ہے، جسے یارکشائر کے اداس مناظر میں نئے انداز سے پیش کیا گیا ہے۔
فلم کے پریمیئر کے موقع پر روبی نے معروف ڈیزائنر سکیاپاریلی کا خصوصی کوتور لباس زیب تن کیا، تاہم اصل توجہ ان کے گلے میں موجود نایاب ہار پر مرکوز رہی، یہ دل کی شکل کا قیمتی ہیرا جیڈ میں جڑا ہوا ہے اور سونے، روبی اور ڈائمنڈ سے تیار کردہ چین کے ساتھ آویزاں ہے۔
فیشن میگزین ووگ کے مطابق اس ہار پر فارسی میں عبارت کندہ ہے جس کا اردو ترجمہ ہے کہ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے، اسی طرح اس پر ملکہ نور جہاں کا نام بھی درج ہے۔
روایت کے مطابق یہ ہار مغل بادشاہ جہانگیر نے اپنی اہلیہ نور جہاں کو محبت کی علامت کے طور پر تحفے میں دیا تھا، تاریخی طور پر یہ زیور بعد میں ملکہ ممتاز محل تک پہنچا جو شاہ جہان کی اہلیہ تھیں اور اسی مضبوط تعلق کی بنا پر اسے تاج محل ڈائمنڈ کہا جانے لگا۔
صدیوں بعد یہ نایاب ہار یورپی جیولری برانڈ کارٹیئر کے پاس پہنچا جہاں اسے نئے انداز میں ڈیزائن کیا گیا، 1972 میں کارٹیئر کے صدر نے یہ ہار اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو ان کے شوہر رچرڈ برٹن کی جانب سے تحفے کے طور پر پیش کیا، بعدازاں 2011 میں الزبتھ ٹیلر کے انتقال کے بعد یہ ہار نیلامی میں 88 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا جو اس وقت انڈین زیورات کے کسی آئٹم کی تاریخ کی ریکارڈ قیمت تھی۔
مارگوٹ روبی کی جانب سے اس ہار کا پہنا جانا ایک نئی بحث کا باعث بھی بنا ہے، یہ ہیرے اور دیگر قیمتی زیورات ان ہزاروں نوادرات میں شامل ہیں جو صدیوں کی نوآبادیاتی تاریخ کے دوران انڈیا سے باہر لے جائے گئے، انڈیا اس وقت برطانیہ اور دیگر ممالک سے اپنے تاریخی خزانے واپس کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے، جن میں شاہی خاندان کے پاس موجود کوہِ نور ہیرا بھی شامل ہے۔