صاف پانی میں غلاظت پھینکی جاتی ہے اوروہی سب پی رہے ہیں: مصدق ملک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ صاف پانی میں غلاظت پھینکی جاتی ہے اور وہی پانی سب پی رہے ہیں۔

آبی ذخائر کے عالمی دن کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمارے پاس ایک ایسا سیارہ ہے جس میں زندگی گزارنے کیلئے ہر چیز موجود ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ نباتات کی زندگی بھی ضروری ہے، جنگلی حیات انسانی زندگی کے لیے بہت اہم ہیں، ہم جو قدرت پر ظلم کررہے ہیں اس پر قابو پانا ہوگا، صاف پانی میں بڑی مقدار میں فضلہ شامل ہورہا ہے، صاف پانی میں غلاظت پھینکی جاتی ہے اوروہی پانی سب پی رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فضائی اورآبی آلودگی موجودہ دور کے بڑے مسائل ہیں، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات ناگزیر ہیں، پرندے ہمیشہ صاف جگہ پر نقل مکانی کرکے آتےہیں، اسلام آباد اورلاہور میں نئی آبادیاں بننے سے اکثر راستوں کا پتہ نہیں چلتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پانی ذخیرہ کرنے کیلئے چھوٹے ڈیمز بنانا وقت کی ضرورت ہے، ہم آئندہ دوسال میں ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے جارہے ہیں، فضلہ کو ٹھکانے لگانے کا طریقہ کار بھی طے کریں گے۔

مصدق ملک نے کہا کہ کئی قدرتی جھیلوں کے کنارے تعفن پھیلا ہوتا ہے جس سے بدبوآتی ہے، ہم اس کو ختم کریں گے، یہ صرف پانی جھیل اورکشتیاں نہیں بلکہ زندہ رہنے کا ایک طریقہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں