علیزے شاہ کی تنازعات کو ہائی لائٹ کر کے توجہ حاصل کرنے کے الزام کی تردید

کراچی: (ویب ڈیسک) علیزے شاہ نے مختلف تنازعات کو ہائی لائٹ کر کے توجہ حاصل کرنے کی تردید سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر کی۔

حال ہی میں علیزے شاہ نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے آنے والے نئے پروجیکٹس سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا اور یہ بھی بتایا کہ وہ مسلسل شازیہ منظور اور یاسر نواز کے خلاف کیوں بولتی رہیں۔

علیزے شاہ نے کہا ہے کہ مجھے معلوم ہے کہ آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ میں توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک اور ویڈیو پوسٹ کر رہی ہوں لیکن میں آپ کو اپنے آنے والے ڈراموں کے سکرپٹس دکھانا چاہتی ہوں تاکہ یہ ثابت کر سکوں کہ میرے پاس کام کی کمی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 برسوں میں میرے ساتھ جو کچھ ہوا، اس کے بعد مجھے وقفے کی ضرورت تھی، اسی لیے میں نے ڈراموں سے بریک لیا، میرے مینیجر نے مجھے ان واقعات پر بات نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا کیونکہ اس سے میری ساکھ مزید متاثر ہو سکتی تھی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ سب کچھ جان بوجھ کر کیا جا رہا تھا، وہ ایک ہی وقت میں کئی فنکاروں کو مینیج کرتے ہوئے دیگر اداکاراؤں سے بھی پیسے لے رہے تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ میں یہ بھی واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے یاسر نواز کے خلاف آواز کیوں اٹھائی، اگر کسی کے ساتھ آپ کا برا تجربہ ہو تو ایک یا دو مرتبہ اس کا ذکر کیا جا سکتا ہے لیکن آپ گزشتہ 5 برسوں سے مختلف پروگرامز میں میرا نام لے رہے ہیں، آپ نے کبھی یہ نہیں بتایا کہ میں نے بدتمیزی کیوں کی اور نہ ہی آپ کے پاس کوئی ثبوت ہے۔

شازیہ منظور کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علیزے شاہ نے کہا کہ جہاں تک شازیہ منظور کا تعلق ہے تو میں نہیں سمجھتی کہ کوئی اپنی غلطی تسلیم کیوں نہیں کرتا۔

انہوں نے گلوکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میڈم مجھے اس بات پر اعتراض نہیں کہ آپ نے مجھے دھکا دیا، لیکن آپ سٹیج پر دیگر میزبانوں، ماڈلز اور دیگر افراد کے ساتھ بھی یہی رویہ اختیار کرتی رہی ہیں، میرے پاس اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ آپ بارہا مجھے نیچا دکھانے کی کوشش کرتی رہی ہیں، ایک مرتبہ آپ نے میرے گرنے سے متعلق پوسٹ ری شیئر کرتے ہوئے کیپشن لکھا تھا کچھ یاد آیا؟، میرے واقعے کے بعد آپ نے اپنے ٹی وی شو میں تقریباً ہر ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر، اینکر اور ماڈل کے ساتھ یہی عمل دہرایا، یہ سب جان بوجھ کر کیا جاتا ہے، حادثاتی طور پر نہیں۔

علیزے شاہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ شازیہ منظور کو سرچ کریں تو سب سے پہلے جو ویڈیوز سامنے آتی ہیں وہ دوسروں کو دھکا دینے کی کوشش ہوتی ہیں، ویڈیوز پوسٹ کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ میں توجہ حاصل کرنا چاہتی ہوں، اگر مجھے توجہ درکار ہوتی تو میں یوٹیوب چینل شروع کر سکتی تھی، میرے پاس اداکاروں کو بے نقاب کرنے کا وقت نہیں کیونکہ میرے کئی پراجیکٹس لائن میں ہیں۔

علیزے شاہ کو حقائق کھل کر بیان کرنے اور سچ بولنے پر مداحوں کی جانب سے بھرپور پزیرائی اور محبت مل رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں