کارلوس الکاراز نے سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو ہرا دیا
سڈنی: (ویب ڈیسک) عالمی نمبر ایک سپین کے کارلوس الکاراز نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ کو شکست دے دی۔
راڈ لیور ایرینا میں الکاراز نے نوواک جوکووچ کو چار سیٹس پر مشتمل سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر نہ صرف آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا بلکہ سب سے کم عمر میں کیریئر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے مرد کھلاڑی بھی بن گئے۔
کارلوس الکاراز کا کہنا ہے کہ 22 برس کی عمر میں چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹلز جیت لینے کے باوجود ان کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور اب ان کی نظریں باقی گرینڈ سلیم مقابلوں میں فائنل تک پہنچنے پرہیں۔
اگرچہ ان کے اہداف کی فہرست اب بھی طویل ہے تاہم وہ خود پر یہ دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے کہ اسی سال تمام بڑے ٹورنامنٹس جیتنے کی کوشش کریں۔
واضع رہے کہ گزشتہ سال فرنچ اوپن کے سنسنی خیز فائنل میں الکاراز نے جینک سنر کو شکست دے کر اپنا ٹائٹل برقرار رکھا تھا، جبکہ بعد میں ومبلڈن میں انہیں اطالوی حریف کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس کے بعد یو ایس اوپن میں الکاراز نے سنر کو ہرا کر اپنا چھٹا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا تھا جبکہ الکاراز کا کہنا ہے کہ ایک ہی سال میں چاروں گرینڈ سلیم جیتنا بڑا چیلنج ہے۔
ان کے مطابق وہ ایک وقت میں ایک ٹورنامنٹ پر توجہ دینا چاہتے ہیں، اور اس وقت ان کی توجہ فرنچ اوپن پر ہے، جہاں کی یادیں ان کے لیے خاص ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود پر غیر ضروری دباؤ ڈالنے کے بجائے مکمل تیاری، محنت اور بحالی پر توجہ دیں گے تاکہ اگلے گرینڈ سلیم میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔