سندھ پولیس کا شبِ برات پر سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ پولیس نے شبِ برات کے حوالے سے ہدایات پر مشتمل سکیورٹی اور ٹریفک پلان جاری کر دیا۔

آئی جی سندھ جاویدعالم اوڈھو نے شب برات کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکورٹی کےاقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اعلامیہ کے مطابق شبِ برات 3 اور 4 فروری 2026 کی درمیانی شب ملک بھر بشمول صوبہ سندھ میں مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ ایڈشنل آئی جی سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی شب برات کے حوالے اپنی جائزہ رپورٹ مرتب کریں۔

اعلامیہ کے مطابق تمام مساجد، امام بارگاہوں،مذارات، قبرستانوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ کھلی جگہوں،مقامات پر ہونے والے عوامی اجتماعات کے لیے بھی سخت حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے مذہبی مراکز اور قبرستانوں میں رش کو کنٹرول کرنے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے، عبادت گاہوں اور قبرستانوں کے گرد کراؤڈ کنٹرول بیریئرز لگائے جائیں گے تاکہ نقل و حرکت ہموار رکھی جاسکے۔

پولیس کی پٹرولنگ ٹیمیں مساجد،امام بارگاہوں اور مذارات کی مسلسل نگرانی کریں، نمازوں اور رات گئے ہونے والی سرگرمیوں کے دوران مساجد اور قبرستانوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ صوبے کے بڑے شہروں کی جانب آنے والے تمام راستوں پر چیک پوسٹس قائم اور پیٹرولنگ سخت کی جائے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مشتبہ گاڑیوں، افراد کی سخت چیکنگ کی اور تلاشی لی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کوئیک رسپانس فورس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رکھا جائے، ہجوم کو سنبھالنے کے لیے مقامی کمیونٹی رہنماؤں اور رضاکاروں کی مدد لی جائے۔

نیشنل ایکشن پلان کے تحت مانیٹرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان انٹیلی جنس رپورٹس اور تھریٹ الرٹس کا بروقت تبادلہ یقینی بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سادہ لباس میں پولیس اہلکار اور سٹینگ پکٹس تعینات کیے جائیں، پٹاخوں اور آتش بازی کا سامان فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے کراچی، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں خصوصی اقدامات کیے جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں