گورنر بلوچستان سے ایرانی قونصل جنرل کی ملاقات، دوطرفہ تجارت بڑھانے پر زور
کوئٹہ: (دنیا نیوز) گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل سے ایرانی قونصل جنرل محمد کریم تودیشکی نے ملاقات کی جس میں پاک ایران تعلقات، سرحدی تجارت اور باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات میں تجارت کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور بلوچستان کے راستے زمینی رابطہ دوطرفہ تجارت کیلئے گیم چینجر ثابت ہو سکتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا منفرد موقع موجود ہے۔
شیخ جعفر مندوخیل نے اس امر پر زور دیا کہ مشترکہ سرحد کو اقتصادی ترقی اور باہمی فائدے کیلئے مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے، سرحدی تجارت اور بارڈر مارکیٹس کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر کی بہتری ناگزیر ہے جبکہ معاشی سرگرمیوں کے فروغ سے غربت اور بیروزگاری میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران ایرانی قونصل جنرل نے گورنر بلوچستان کو اپنی سفارتی اسناد بھی پیش کیں اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔