چمن: گھر میں گیس سلنڈر دھماکا، بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق
چمن: (دنیا نیوز) بلوچستان کے شہر چمن کے علاقے طور پل میں ایک گھر کے کچن میں گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 25 زخمی ہوگئے۔
چمن پولیس کا کہنا ہے کہ 20 کلو وزنی گیس سلنڈر اچانک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے باعث گھر کے متعدد کمرے منہدم ہو گئے۔ دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات کو بھی نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق ملبے سے 5 بچوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ دیگر جاں بحق افراد میں خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ تخریبی پہلو کا جائزہ لیا جا سکے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ گیس سلنڈر دھماکا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔