ٹوکن 2049: عالمی کرپٹو کمیونٹی اپریل میں دبئی کا رخ کرے گی
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو اور ویب تھری ایونٹس میں شمار ہونے والا ٹوکن 2049 دبئی 2026 ایک بار پھر عالمی سرمایہ کاروں، بلاک چین کمپنیوں، ڈیجیٹل اثاثہ جات کے ماہرین اور وینچر کیپیٹل فنڈز کی توجہ کا مرکز بننے جا رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ دو روزہ ایونٹ 29 اور 30 اپریل 2026 کو دبئی کے معروف مقام مدینۃ الجمیرا میں منعقد ہوگا، جہاں 150 ممالک سے 15ہزار سے زائد عالمی شرکاء اور 300 سے زیادہ بین الاقوامی مقررین کی شرکت متوقع ہے۔
ایونٹ کو مشرقِ وسطیٰ کا بڑا کرپٹو اجتماع سمجھا جاتا ہے، جہاں ضابطہ سازی، ڈیجیٹل اثاثہ جات، غیر مرکزی مالیاتی نظام، اور بلاک چین جدت کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت کے ساتھ نئے انضمامی ماڈلز پر بھی اعلیٰ سطحی مکالمہ ہوگا۔
گزشتہ دبئی ایڈیشن میں بھی عالمی سطح کی نمایاں شخصیات شریک رہیں، جن میں ایرک ٹرمپ سمیت بڑے کرپٹو ایکسچینجز کے سربراہان اور معروف سرمایہ کار شامل تھے۔ منتظمین کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں چانگ پینگ ژاؤ، رچرڈ ٹینگ، پاؤلو آردوئینو، آرتھر ہیز اور راؤل پال جیسے نام بھی نمایاں تھے، جبکہ پاکستان سے وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب سمیت دنیا بھر کی بڑی مالیاتی ادارہ جاتی آوازیں بھی شریک رہیں۔