اوپن اے آئی کا سورا ویڈیو جنریشن ایپ بند کرنے کا اعلان
نیویارک: (ویب ڈیسک) اوپن اے آئی نے اپنی مقبول سورا ویڈیو جنریشن ایپ کو اچانک بند کرنے کا اعلان کردیا۔
کمپنی کی جانب سے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں اعلان کیا گیا کہ ہم سورا کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے ابھی یہ نہیں بتایا گیا کہ ایپ اور اس سے جڑی اے پی آئی سروس کو کب تک مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا اور اس فیصلے کی وجہ کیا ہے، اس حوالے سے تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہم نے سورا ایپ اور اے پی آئی کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ہماری توجہ کمپنی کی توسیع پر مرکوز ہے، سورا ٹیم اپنی توجہ ایڈوانس روبوٹیکس تحقیق پر مرکوز کرے گی جس سے حقیقی دنیا کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
سورا کی اچانک بندش بیشتر افراد کے لیے حیران کن ہے کیونکہ کمپنی نے چند ماہ قبل ہی اس ایپ کو متعارف کرایا تھا۔
اس ایپ کو بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی مگر بتدریج اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کی شرح میں کمی آئی جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جا رہی تھی کہ اس ایپ کو ڈیپ فیک ویڈیوز تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔