کراچی: پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث سندھ کا مطلوب ڈاکو گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن معمار سے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث سندھ کا مطلوب ڈاکو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزم کی شناخت اظہر کے نام سے ہوئی ہے، ملزم نے 27 اکتوبر کو ساتھیوں کے ہمراہ پولیس چوکی بقا پور (لاڑکانہ) پر اپنے ساتھی کو چھڑوانے کے لئے حملہ کیا تھا جس کے بعد چوکی انچارج بقا پور مشتاق احمد تنیو کو شہید کرکے ملزمان نے اپنے مطلوب ساتھی کامران عرف صدام کو چھڑوا لیا تھا۔
انہوں نے بتایا واقعے کا مقدمہ ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے تھانہ دڑی سٹی میں درج ہے جس میں ملزم نامزد، اشتہاری اور مطلوب ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزم گلشن معمار کے علاقے ہندو گوٹھ میں شاہ ایران نامی شہری سے واردات کر کے فرار ہوا تھا، پولیس نے اطلاع ملنے پر تعاقب کے بعد مطلوب ملزم اظہر علی عرف اظہرو ولد ممتاز کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، گرفتار ملزم سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چھینے گئے 03 موبائل فونز، 02 والٹ اور نقد رقم برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ملزم نے انکشاف کیا کہ گینگ 10 ملزمان پر مشتمل ہے جوکہ قتل، اغواء برائے تاوان اور متعدد ڈکیتی کے واقعات میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی نے کہا ملزم نے چوکی انچارج بقا پور مشتاق احمد تنیو کو بھی ساتھیوں کے ہمراہ گولیاں مار کر شہید کرنے کا اعتراف کیا ہے جبکہ گرفتار ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات کااندراج اور مزید تفتیش جاری ہے۔
واضع رہے گرفتار ملزم سال 2020 اور 2021 میں تھانہ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔