مشرقِ وسطیٰ جنگ کے باعث فضائی آپریشن تاحال بحال نہ ہو سکا

لاہور: (دنیا نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے باعث فضائی آپریشن تاحال بحال نہ ہو سکا۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت کراچی، اسلام آباد، ملتان، فیصل آباد اور پشاور سے دبئی، ابو ظہبی، بحرین، شارجہ، دوحہ، ریاض، جدہ اور مدینہ منورہ جانے اور آنے والی 65 پروازیں منسوخ اور 35 پروازیں تین سے سات گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں، سیکڑوں عمرہ زائرین اور ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے، ائیر لائنز نے ہنگامی حالات کے پیش نظر پروازوں کو ری شیڈول کرنا شروع کر دیا۔

فلائٹ انفارمیشن کے مطابق جنگ کی اچانک شدت نے پہلے بحال ہونے والا فضائی آپریشن دوبارہ معطل کر دیا ہے، ایران، امریکہ اور اسرائیل کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر سے مشرقی وسطی جانے اور آنے والی سینکڑوں پروازیں یا تو منسوخ ہو گئیں یا آدھے راستے سے واپس لوٹ آئیں۔

پروازوں کی منسوخی اور ری شیڈولنگ کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ جیٹ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمت نے ائیر لائنز کی مالی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

فلائیٹ انفارمیشن کے اعدادوشمار کے مطابق جنگ سے قبل دبئی سے روزانہ 1200 سے زائد پروازیں، دوحہ سے 700، بحرین سے 200، کویت سے 290، ریاض سے 675، دمام سے 250، ابو ظہبی سے 485 اور شارجہ سے 300 کے قریب پروازیں آپریٹ ہوتی تھیں لیکن اب سات سے آٹھ ائیرپورٹس مکمل بند ہیں اور یہاں سے صرف 20 سے 30 فیصد پروازیں آپریٹ ہو رہی ہیں، اس صورتحال میں مسافروں کو ہوٹلوں میں رکھنے کے بجائے واپس گھروں بھیج دیا جاتا ہے اور ان کی ٹکٹیں ان کے مرضی کے شیڈول کے مطابق کنفرم کی جاتی ہیں۔

پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کے مطابق موجودہ ہنگامی حالات میں تمام ملکی اور غیر ملکی ائیر لائنز کو لینڈنگ، ٹیک آف اور پارکنگ کی سہولیات بین الاقوامی قوانین کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں، اور جو بھی ایمرجنسی ضروریات پیش آئیں، انہیں فوری طور پر پورا کیا جا رہا ہے، ائیر لائنز نے بھی اپنے فضائی آپریشن کو جاری رکھنے کے لیے مسلسل ری شیڈولنگ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تاکہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں