کراچی: رینجرز کی کارروائی، سٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پیر آباد، اورنگی ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائمز، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور منشیات فروشی میں ملوث گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت شہروز ولد فیروز خان، جنت گل ولد رحیم گل اور نعمان خان ولد زرگون خان کے نام سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے ایک 222 رائفل (جعلی لائسنس) بمعہ میگزین اور 57 راؤنڈز، ایک 9 ایم ایم پستول (بغیر لائسنس) بمعہ دو میگزین اور 14 راؤنڈز، جبکہ ایک 30 بور پستول (بوگس لائسنس) بمعہ 5 راؤنڈز برآمد کیے گئے۔
اس کے علاوہ سات عدد 30 بور میگزین، ایک ڈمی پستول، سات خنجر، ایک سرجیکل بلیڈ، دو سٹیل نکلز، ایک دوربین، ایک ڈی وی آر، 200 گرام چرس اور13موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق مرکزی ملزم شہروز کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ اس کا والد ناظم آباد نمبر 1 میں غیر قانونی شراب کی دکان چلاتا ہے، جبکہ شہروز خود بائیسیکل کی دکان کی آڑ میں چرس فروخت کرنے کے ساتھ ڈاکوؤں کو کرائے پر اسلحہ فراہم کرتا تھا۔
ملزم جنت گل نے بتایا ہے کہ اس کے دو بھائی بھی پیر آباد کے علاقے میں منشیات فروشی میں ملوث ہیں، وہ 2021 میں چرس اور چھینی گئی موٹر سائیکل کے کیس میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے اور ایک پولیس مقابلے میں ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی بھی ہوا تھا۔
دوسری جانب ملزم نعمان نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور منشیات فروشی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کو اسلحہ، ایمونیشن اور دیگر برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔