نیتن یاہو کا اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں مزید زمینوں پر قبضے کا حکم
مقبوضہ بیت المقدس: (ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو جنوبی لبنان میں سکیورٹی زون کی آڑ میں مزید زمینوں پر قبضے کا حکم دے دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں موجود اُس سیکورٹی زون کو مزید وسعت دینے کا حکم دیا ہے جسے وہ موجودہ حفاظتی علاقہ قرار دیتے ہیں۔
اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) کی شمالی کمان کے ہیڈکوارٹر کے دورے کے دوران نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد حزب اللہ کی جانب سے دراندازی کے خطرے کو مکمل طور پر روکنا اور اینٹی ٹینک میزائلوں کی فائرنگ کو سرحد سے دور دھکیلنا ہے۔
انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ توسیع اسی زون کے اندر ہے یا نہیں، اس کے بارے میں گذشتہ ہفتے اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا تھا کہ اب یہ دریائے لیطانی تک پھیلا دیا جائے گا اور اس وقت تک کسی لبنانی شہری کو اپنے گھر میں رہنے کی اجازت نہیں ہوگی جب تک حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل کو لاحق خطرہ پوری طرح ختم نہیں ہو جاتا۔
کاٹز کا بیان لبنان میں اسرائیلی حکومت کے عزائم کے بارے میں اب تک کا سب سے سخت موقف سمجھا جا رہا ہے۔ یہ ایسا قدم ہے جس سے ملک کا تقریباً دسواں حصہ اسرائیلی کنٹرول میں آ جاتا ہے۔
اس زون کی حد بندی اور اسے بفر علاقہ قرار دینا اُن دنوں کی یاد دلاتا ہے جب 1985 سے 2000 تک اسرائیل نے جنوبی لبنان کے علاقے پر قبضہ کیے رکھا تھا۔
اس علاقے میں اسرائیلی افواج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں، آئی ڈی ایف نے کہا ہے کہ حالیہ کارروائیوں میں گروہ کے کئی ارکان مارے گئے ہیں جبکہ ایک اور اسرائیلی فوجی کی ہلاکت کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ لبنان میں اسرائیل کی تازہ پیش قدمی کے بعد ہلاک ہونے والا پانچواں اسرائیلی فوجی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل سکیورٹی زون کی آڑ میں جنوبی لبنان میں زمینوں پر قبضے کر رہا ہے۔