تیز موسیقی سے 140 مرغیوں کی ہلاکت کا مقدمہ درج

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شادی کی تقریب میں تیز موسیقی مبینہ طور پر 140 مرغیوں کی ہلاکت کا سبب بن گئی۔

پولٹری فارم کے مالک نے اس حوالے سے پولیس میں شکایت درج کرا دی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

یہ واقعہ بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع سلطان پور میں 25 اپریل کی رات پیش آیا، جب مقامی رہائشی ببن وشوکرما کی بیٹی کی بارات گاؤں سے گزری، بارات کُدوار کے علاقے رام بھدرہ پوروا سے آئی تھی اور اس میں ایک ڈی جے سسٹم کے ذریعے بلند آواز میں موسیقی چلائی جا رہی تھی۔

پولٹری فارم کے مالک صابر علی، جن کا فارم گاؤں کے قریب واقع ہے، کہ مطابق بارات تقریباً رات ساڑھے 9 بجے ان کے فارم کے سامنے سے گزری، ڈی جے کی انتہائی بلند آواز سے مرغیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے باعث وہ شور برداشت نہ کر سکیں اور 140 مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔

اپنی شکایت میں صابر علی نے مؤقف اختیار کیا کہ موسیقی کی آواز غیرمعمولی حد تک بلند تھی، جس نے پرندوں کو خوفزدہ کر دیا اور یہی ان کی ہلاکت کی وجہ بنی۔

پولیس نے منگل کی رات اس شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے پارسی پور کے رہائشی ڈی جے آپریٹر کَوی یادو کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ آیا موسیقی کی آواز مقررہ حدود سے تجاوز کر رہی تھی یا نہیں، جبکہ واقعے کی مکمل نوعیت جاننے کے لئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق بلند شدت کی آوازیں پرندوں اور جانوروں میں شدید دباؤ پیدا کر سکتی ہیں، جو بعض اوقات دل کے دورے جیسے مہلک اثرات کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔

پولٹری فارم کے مالک نے اپنے تمام نقصان کی ذمہ داری شادی کی بارات میں بجنے والی تیز موسیقی پر عائد کی ہے، جبکہ اس حوالے سے ڈی جے آپریٹر یا شادی والے خاندان کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں