انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر کراچی سے 45 لاکھ روپے مالیت کی کوکین برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) کوکین کوئین انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس میں چھاپا مار کر بھاری مقدار میں کوکین برآمد کر لی۔
ذرائع نے بتایا کہ برآمد شدہ منشیات 45 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی ہے، پولیس نے ملزمہ انمول عرف پنکی کے خلاف سچل تھانے میں نیا مقدمہ نمبر783/26 درج کیا گیا ہے، یہ مقدمہ سٹیشن انویسٹی گیشن افسر بغدادی مثل خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، جس میں ملزمہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز ہوگیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق دوران تفتیش ملزمہ نے کوکین کی موجودگی کا انکشاف کیا، جس پر ملزمہ کی نشاندہی پر خواتین اہلکاروں کے ہمراہ کارروائی کی گئی۔
پولیس نے ابوالحسن اصفہانی روڈ کے اے ون کمپلیکس پر چھاپا مارا، جہاں ملزمہ نے خود پولیس کو فلیٹ کی نشاندہی کی، جس پر تالا لگا ہوا تھا۔
پولیس نے تالا توڑ کر فلیٹ میں داخل ہو کر تلاشی لی اور باتھ روم میں تھیلیوں میں پیک کوکین ملی، جس کا وزن 228 گرام تھا، موقع سے 7 خالی ڈبیا بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمہ نے تفتیش کے دوران منشیات کی موجودگی کا اہم انکشاف کیا تھا۔