ستارہ امتیاز کا اعزاز پانا ناقابل یقین ہے: حدیقہ کیانی
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کو فن موسیقی کے خدمات پر ستارہ امتیاز سے نواز دیا گیا۔
گورنرہاؤس لاہور میں 2 روز سول ایوارڈز کی تقسیم اعزازات کی پروقار تقریب ہوئی جس میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے صدر پاکستان کی جانب سے معروف پاکستانی گلوکارہ حدیقہ کیانی کو فن موسیقی میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔
انسٹاگرام اکاؤنٹ پر حدیقہ کیانی نے لکھا کہ مجھے کل ستارہ امتیاز حاصل ہونے پر بے حد فخر، خوشی اور عاجزی محسوس ہو رہی ہے، یہ میرے لئے اب بھی ناقابل یقین ہے کہ تمغہ امتیاز ملنے کے 20 سال بعد مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا۔
حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ میں یہ اعزاز اپنے بیٹے، اپنے سامعین، چاہنے والوں، خاندان اور ان تمام لوگوں کے نام کرتی ہوں جو برسوں سے اس سفر کا حصہ رہے ہیں، میں دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہوں کہ آپ سب کے ساتھ یہ سفر آج بھی جاری ہے۔
گلوکارہ نے بتایا کہ یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ اس بار بھی میں نے سرخ لباس ہی پہنا تھا اور 20 سال قبل بھی تمغہ امتیاز ملتے وقت بھی میں نے سرخ رنگ کا لباس پہن رکھا تھا۔