نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان
لاہور: (دنیا نیوز) قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس کا فنانشل ماڈل 30 جون کو ختم ہو جائے گا جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت یکم جولائی سے شروع ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی فنانشل ماڈل کے حوالے سے فیصلہ کریں گے، نئے سال کے کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان ہے۔
سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں 2023ء میں 3 برسوں کیلئے فنانشل ماڈل متعارف کرایا گیا تھا جسے موجودہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے دور میں تبدیل نہیں کیا گیا لیکن فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹگریز میں ردو بدل کیا جاتا رہا۔
ذرائع کے مطابق اب یکم جولائی سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت شروع ہوگی، اس سلسلے میں نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ برس 30 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا، پہلی مرتبہ اے کیٹگری میں کوئی کرکٹرز شامل نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل ہوگا، سینٹرل کنٹریکٹ میں موجود کئی کرکٹرز کی کیٹگریز میں تنزلی اور ترقی ہوگی۔
محمد نواز، عبداللّٰہ شفیق، فہیم اشرف، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کی شمولیت کا امکان کم ہے جبکہ ازان اویس اور عبداللّٰہ فضل سمیت ڈومیسٹک پرفارمرز کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔